کاروار:8؍جنوری (ایس اؤ نیوز)اترکنڑا کے 6مراکز پر کووڈ-19کی ویکسن لگانے کی عملی تربیت (ڈرائے رن )کی شروعات کی گئی ہے اس تعلق سے جمعہ کو کاروار کے میڈیکل سائنس سنٹر اسپتال کے صحن میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے پھول پودوں کو پانی کی سینچائی کرتے ہوئے ویکسن کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا۔
افتتاح کے بعد ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے کہا کہ جس طرح پولیو سے نجات حاصل کی گئی ہے اسی طرح مرحلہ وار طریقے سے کورونا سے نجات پانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے تحت ضلع کے 6 مراکز میں اس عملی تربیت کا انتظام کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے ڈی سی نےکہاکہ پہلے مرحلے میں کورونا کے خلاف لڑنے والے کورونا وارئیرس کو پہلے ویکسن لگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں کام کرنے والوں کی تعداد قریب 12ہزارہے۔ دوسرے مرحلے میں ان لوگوں کو ویکسن لگایا جائے گا جو کورونا وارئیرس کے معاون کے طورپر کام کررہے ہیں۔ جیسے پولس، آنگن واڑی اور آشا کارکنان وغیرہ ۔ اس تعلق سے ایسے لوگوں کی معلومات حاصل کی جارہی ہے ، ڈی سی نے بتایا کہ ایسا انتظام کیا جارہا ہے کہ روزانہ کم ازکم 100لوگوں کو ویکسن لگایا جاسکے۔ اس کے بعد تیسرے مرحلے میں عوام کو ویکسن لگایا جائے گا۔ جس کے لئے عوام کو حکومتی سطح پر تشکیل دئیے گئے دیجٹل رجسٹریشن فہرست میں اپنا نام درج کرنا ہوگا۔ رجسٹریشن کے بعد جو شناختی کارڈ دیاجاتاہے وہ ویکسن لگانے کے دوران میں ساتھ لانا ضروری ہوگا۔ رجسٹریشن کے موقع پر عوام کو جو تاریخ بتائی جاتی ہے اسی تاریخ کو حاضر رہنےکی ہدایت دی جائے گی۔ ڈی سی نے ویکسن لگانے کے طریقہ کارکے متعلق بتایا کہ کاروار اسپتال کے تین کمروں میں ویکسن لگائے جائیں گے۔انتخابات کے دوران جس طرح ووٹ ڈالے جاتےہیں بالکل اسی نہج پر ویکسن لگانے کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ ایس پی شیو پرکاش دیوراج، ایڈیشنل ڈی سی کرشنا مورتی، کاروار اے سی ودیا شری چندرگی ، ضلع میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شرد نایک، ڈاکٹر شیوانند کوڈتکر سمیت کئی لوگ موجود تھے۔

ڈرائے رن (عملی تربیت ) کا مطلب:کووڈ ویکسن لگائےجانے سےپہلے عملی نمائش کا اہتمام کرتےہوئے متعلقہ عملے کو جو عملی تربیت دی جاتی ہے اسی کو ڈرائے رن کہاجاتاہے۔ یہاں ویکسن لگانے کے سوا بقیہ وہ تمام کام اور مراحل کو انجام دیا جاتا ہے جو ویکسن لگانےکے دوران میں ہوتےہیں۔ اس طرح ویکسن لگانے کی عملی تربیت دینے کے بعد ویکسن لگانے کے لئے باقاعدہ عوامی مہم شروع کی جائے گی جیسا کہ بتایا گیا ہے کہ تین کمروں میں انتظام کیا جاتاہے۔ پہلے کمرے میں رجسٹر ڈ کردہ فرد اپنا آدھار کارڈ پیش کرتاہے جہاں اس کی معلومات کمپیوٹر میں داخل کی جاتی ہیں۔ یہاں پولس سمیت دیگر سکیورٹی کاانتظام بھی رہتاہے۔ دوسرے کمرےمیں ویکسن لگانےکی نمائش کی جاتی ہے ۔ اس کے بعدمتعلقہ فرد کو تیسرے کمرے میں بھیجا جاتاہے، جہاں اس کی صحت کی آدھے گھنٹے تک نگرانی کے بعد ویکسن لگائے جائیں گے۔
ڈرائے رن کے مراکز :کاروار میں ضلعی اسپتال اور بیت کھول نگر پی ایچ سی میں انتظامات کئے گئے ہیں۔ سرسی میں ٹی ایس ایس اسپتال اور ہیگڈے کٹا پی ایچ سی۔ ہوناور میں تعلقہ اسپتال اور ڈانڈیلی میں صحت عامہ مرکز میں ویکسن لگانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔